سموگ نے مناظر دھندلا دیئے، سانس لینا دوبھر، گلے اور آنکھ کے امراض عام

Last Updated On 12 November,2018 12:20 pm

لاہور: ( روزنامہ دنیا ) پنجاب میں ملتان، میاں چنوں، وہاڑی، جہانیاں، چیچہ وطنی اور گجرات سمیت کئی شہروں میں سموگ کی وجہ سے شہروں اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، ملتان میں بھی سموگ سے صبح کے اوقات میں حد نگاہ تین سو سے پانچ سو میٹر تک رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی دھند کی شدت برقرار رہے گی، بہاول پور میں دن بھر سورج کی آنکھ مچولی جاری رہی، سموگ کی وجہ سے شہریوں کوسانس لینے میں دشواری کاسامنا رہا اور آنکھوں میں چبھن کی بھی شکایت رہی۔

صادق آباد شہر اور گردونواح میں بھی زہریلی سموگ نے ڈیرے ڈال لیے، حد نگا ہ 30 میٹر ہو کر رہ گئی، بدھلہ سنت اور اسکے نواحی علاقوں بستی جلیل، 7 چک، ملتانی والا، برہمن والا میں سارا دن سموگ چھائی رہی جس سے شہریوں کا سانس لینا دشوار ہو گیا، خاص طور پر بچے متاثر ہو رہے ہیں، لوگوں نے بارش کیلئے دعائیں مانگنا شروع کر دیں۔

دریں اثناء مونڈکا میں سموگ کی چادر نے علاقہ کولپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے حدنگاہ صفر ہوکررہ گئی جبکہ گزشتہ صبح شاہ جمال سے مظفرگڑھ جانیوالی تیز رفتار کوسٹر شوگرملز کے نزدیک سامنے سے آنیوالے ٹرک سے ٹکرا گئی تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کوسٹر میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے۔