کراچی: (دنیا نیوز) فیصل واوڈا، علی زیدی اور خالد مقبول سے شہر کے مسائل پر تبادلہ خیال، چند ماہ میں تبدیلی نظر آئے گی، عمران خان کی گفتگو
وزیراعظم عمران خان سے کراچی سے منتخب ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں عالمگیر خان، نجیب ہارون، عامر لیاقت، آفتاب صدیقی، آفتاب جہانگیر، سیف الرحمان اور جمیل احمد خان شامل تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا فیصل واوڈا، علی زیدی اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی کے مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ارکان کو ہدایت کی کہ کراچی کے لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں، انتہائی مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، آئندہ چند ماہ میں واضح تبدیلی نظر آنا شروع ہو جائے گی۔
وزیراعظم آفس میں دیوالی کی خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان نے دیوالی کا کیک کاٹا۔ تحریک انصاف کے ایم این اے رمیش کمار نے وزیراعظم کو کیک کاٹنے کی دعوت دی تھی۔
تقریب میں گورنر سندھ، سپیکر قومی اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے وزیراعظم عمران خان سے الگ سے بھی ملاقات کی۔