کراچی: (دنیا نیوز) مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد سے ملک میں سیاسی اسموگ چھائی ہوئی ہے، وفاق ملکی مسائل کے حل کیلئے تھوڑا سے سنجیدہ ہوجائے۔
صوبائی وزیر سعید غنی اور مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کی۔ سعید غنی نے کہا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، خالد بن ولید روڈ پر کمرشل سرگرمیوں کا نوٹس لیا ہے، گھریلو علاقوں میں تجارتی سرگرمی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا قوم کوبتایا جائے کہ اکاونٹ میں کس نے پیسے ڈالے مجھے بھی پتہ ہے، ایف آئی اے والوں کے منہ سے سننا چاہتا ہوں، آصف علی زرداری کا نام تو لے لیتے ہیں دوسروں کے نام بھی لے کر دکھائیں۔
مشیر اطلاعات سندھ مرتضٰیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حیرت ہے کہ پنجاب کے وزیر سندھ پر تنقید کرتے ہیں، انہیں اپنی کارکردگی بتانے کے لیے کوئی ایشو نہیں، مجھےتو پی ٹی آئی حکومت کا حال برا نظر آرہا ہے، پی ٹی آئی حکومت بننے کے بعد سے ملک میں سیاسی دھند ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر سندھ کو اگرانگریزی پر عبور نہیں تو اردو میں لکھ دیں، عمران اسماعیل سے درخواست ہے کہ غلط انگریزی لکھنے کے بجائے اردو یا سندھی میں ٹوئٹ کر دیا کریں۔