پشاور: (دنیا نیوز) شہید ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ پشاور پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جس کے بعد ان کے جسد خاکی کو حیات آباد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
افغانستان میں شہید ہونے والے ایس پی طاہر خان داوڑ کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی، پولیس کے دستے نے شہید ایس پی کے جسد خاکی کو سلامی دی۔
نماز جنازہ میں وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی ،وزیراعلیٰ محمود خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل وزیر، آئی جی پولیس صلاح الدین محسود، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد شہید کی میت کو حیات آباد روانہ کر دیا گیا جہاں شہید کے ورثا نے نماز جنازہ ادا کی جس کے بعد جسد خاکی کو حیات آباد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان حکام نے ایس پی طاہر شہید کی میت پاکستان کے حوالے کر دی
اس سے قبل افغانستان سے میت کی منتقلی میں مسائل کا سامنا رہا، پاکستانی حکام ڈھائی گھنٹے انتظار کرتے رہے لیکن افغان حکام نے میت پاکستانی حکومتی نمائندوں کو دینے سے انکار کرتے ہوئے اسے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو دینے پر بضد رہے، مذاکرات کے بعد میت حوالے کی گئی۔
افغانستان میں شہید کئے جانے والے پشاور کے ایس پی رورل طاہر داوڑ کی میت جلال آباد سے طورخم بارڈر روانہ کی گئی، طور خم بارڈر پر میت کی حوالگی کے موقع پر افغان حکام کی بے حسی سامنے آ گئی، افغان حکام نے طورخم بارڈر پر حکومتی نمائندوں کو میت دینے سے انکار کر دیا، وفاقی اور صوبائی حکومت کا وفد انتظار کرتا رہا۔
افغان حکام طاہر داوڑ کی میت ایم این اے محسن داوڑ کے حوالے کرنے پر بضد رہے، بالاخر طورخم بارڈر پر افغان حکام نے شہید ایس پی کی میت ایم این اے محسن داوڑ اور وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی اور اہل خانہ کے حوالے کر دی۔