گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے علاقائی بینچ کے مطالبہ پر ضلعی عدالتوں کی تالہ بندی چوتھے روز بھی جاری ہے، وکلاء نے سیشن کورٹ میں جوڈیشل ریسٹ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کو ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دینے سے روک دیا۔
وکلاء نے تفتیشی آفیسر کو زبردستی واپس بھجوا دیا اور جوڈیشل ریسٹ ہاؤس کے گیٹ کو تالہ لگا دیا۔ وکلاء نے جوڈیشل کالونی کے داخلی گیٹ کو بھی تالہ لگا کر بند کر دیا۔ وکلاء کا کہنا تھا ملزمان کا جسمانی اور جوڈیشل ریمانڈ نہیں دینے دیں گے۔
اس سے قل وکلاء نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز گیٹ کو بھی تالہ لگایا۔ وکلاء خصوصی عدالتوں کے داخلی دروازوں کو پہلے ہی تالے لگا کر بند کر چکے ہیں، تالہ بندی سے ججز، پولیس اور سٹاف احاطہ کے اندر بند ہوگئے۔ وکلاء نے لاہور ہائی کورٹ کے علاقائی بینچ کے مطالبے کیلئے نعرے بازی بھی کی۔
عدالتوں کی تالہ بندی سے انصاف کا نظام جام ہوگیا، 4 روز میں 8 ہزار سے زائد مقدمات میں سماعت نہ ہوسکی، داخلی دروازوں کی تالہ بندی کے باعث جوڈیشل افسران اور سٹاف چوتھے روز بھی عدالتوں میں نہ پہنچ سکے۔ ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے اپنے دفاتر کو بھی تالے لگا دیئے، نوجوان وکلاء نے سائلوں کے نئے مقدمات نہ لینے کا اعلان کر دیا۔