گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ سے بیٹ آفیسر اصلی ٹریفک وارڈن نے نقلی وارڈن کو رنگے ہاتھوں چالان کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ نقلی ٹریفک وارڈن سے گاڑیوں کی رجسٹریشن، جعلی سروس کارڈ، 12 ہزار روپے نقد، پستول، یونیفارم بیجز اور دیگر آلات برآمد کر لئے گئے۔
شہزاد انور ایسا فنکار بہروپیا جو 10 برس تک پورے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی آنکھوں میں دھول جھونکتا رہا بالاآخر ہتھے چڑھ ہی گیا۔ شہزاد انور نقلی ٹریفک وارڈن بن کر گوجرانوالہ بس اسٹاپ کے قریب شہریوں کے چالان کر رہا تھا۔ اسی دوران بیٹ آفیسر اصلی ٹریفک وارڈن ظہیر کمانڈو موقع پر پہنچ گیا۔ اپنی جگہ اسے دیکھ کر ظہیر کمانڈو نے نقلی وارڈن شہزاد سے پوچھ گچھ کی تو وہ گھبرا گیا، شک گزرنے پر ظہیر کمانڈو نے اسے پکڑ کر پولیس کو بلالیا۔
دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے ٹریفک وارڈنز کا یونیفارم پہن کر لوگوں کو لوٹ رہا ہے، جعلی ٹریفک وارڈن سے جعلی سروس کارڈ، 12 ہزار روپے نقد، پستول، یونیفارم بیجز اور دیگر آلات برآمد ہوئے جو اس نے لاہور قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ سے حاصل کئے تھے۔