لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ گولی اندر اور چوہے جالندھر ہونگے، مارچ تک جھاڑو پھر جائے گا، معلوم نہیں عمران خان نے یو ٹرن کا جملہ کس سوال کے جواب میں کہا؟ وزیر ریلوے کا چودھری نثار سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کا اعتراف، ریلوے اراضی قبضہ گروپوں سے چھڑوانے کا عزم۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کو نواز شریف کے جہیز میں سارے مسائل ملے، مارچ میں جھاڑو پھر جائے گا، گولی اندر اور چوہے جالندھر ہونگے۔
انھوں نے فالودہ اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والوں کو جیل کا خام مال قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا ملک میں ہوا اسے سو دن نہیں کم سے کم ایک سال میں ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کچھ ملکوں سے اطلاعات ہے لوٹی دولت واپس آ رہی ہے تاہم مقدار تھوڑی ہے، عمران خان نے جتنی محنت کی اتنا کسی کے بس میں نہیں، چوروں،لیٹروں نے اکانومی کو لوٹا، جس نے کرپشن کی اسے پھکی ملنی چاہیے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ چین بہت زیادہ کامیاب رہا۔ شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ چودھری نثار سے ایک شادی میں ایک گھنٹہ تفصیلی ملاقات ہوئی، چودھری نثار نے اعتراف کیا کہ میں ٹھیک کہتا تھا، چودھری نثار جس صورتحال میں ہیں میرا نہیں خیال وہ ن لیگ یا پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین کوئی نہیں کھا سکتا، ریلوے کی زمینیوں کو قبضہ مافیا سے خالی کرائیں گے، ریلوے زمینیوں پر قبضہ ہے،چیف جسٹس صاحب، چیئرمین نیب کو درخواست دینگے۔