کوئٹہ: (دنیا نیوز) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کے بعد ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، بلوچستان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشت گردی میں دھکیلا گیا جسے سیکیورٹی فورسز اور عوام نے مل کر ناکام بنایا۔
کوئٹہ کے ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں فرنٹئیر کور بلوچستان کے زیر اہتمام آپریشنل ایکسیلینس ایوارڈ 2018ء کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں دہشت گردی کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے 70 سے زائد افراد کو ڈیگر آف اونر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کے بعد ترقی کا نیا سفر ہو چکا ہے۔
ایوارڈ وصول کرنے والے افراد بھی اپنی محنت کو سراہائے جانے پر خوش دکھائی دیے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری سمیت دیگر شخصیات نے بھی مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شہدا ہو یا غازی کھلاڑی ہو یا ماہرین تعلیم زندگی کے ہر شعبے میں محنت اور اتحاد سے اپنے ملک وقوم کا وقار بلند رکھنا ہے۔