پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کو صاف ستھرا بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، شہر میں صفائی کی مہم بےکار ثابت ہوگئی، جابجا گندگی کے ڈھیر لگ گئے جس سے مختلف علاقوں میں بدبو کا راج ہے۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ ماہ صفائی کا آغاز بھی کیا لیکن عملی اقدامات نہ اٹھائے جاسکے۔
پشاورکو صاف ستھرا بنانے کا عزم کرتے ہوئے ایک ماہ قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صفائی مہم کا آغاز کیا لیکن عملدرآمد نہ ہوسکا، شہرکے مختلف علاقے گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہوگئے۔
پشاورکے علاقے رامداس، گلبہاراور اخون آباد سمیت دیگرعلاقوں میں لگے گندگی کے ڈھیروں سے ہر طرف بدبو پھیلی ہوئی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف افتتاح کرنے سے کام نہیں ہوتے،عملی اقدامات ہونے چاہیئے۔
دوسری جانب انتظامیہ کا آج بھی دعویٰ ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی، مختلف مقامات پر پڑی گندگی کو ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔
پشاور شہر اور اطراف میں موجود گندگی کے ڈھیر صفائی کا نظام بہتر نہ ہونے کی واضح دلیل ہیں جس سے نہ صرف شہری پریشان ہیں بلکہ گندگی اور تعفن کے باعث بیماریاں پھیلنے کے بھی خدشات بڑھ گئے ہیں۔