لانچوں سے پیسہ بیرون ملک بھیجنے والوں کو حساب دینا پڑیگا: چیف جسٹس

Last Updated On 24 November,2018 12:54 pm

مانچسٹر: (دنیا نیوز) چیف جسٹس کی ڈیم فنڈ ریزنگ مہم کا دوسرا روز، لندن کے بعد مانچسٹر میں بھی تقریب کا ہتمام کیا گیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھرعناصر کام سے نہیں روک سکتے، لانچوں سے پیسہ بیرون ملک بھیجنے والوں کو حساب دینا پڑے گا، حساب لیں گے کس نے کتنی جائیدادیں بنائیں۔

 مانچسٹر میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام پاکستان نژاد برطانوی بزنس مین انیل مسرت نے کیا۔ تقریب میں باکسر عامر خان، نعیم بخاری سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا انھوں نے بنیاد رکھ دی، عمارت کی تعمیر میں آنیوالے چیف جسٹس کا کردار اہم ہوگا، ہم نے پاکستان کے ساتھ محبت اور عشق کرنا ہے، آنے والی نسلوں کے لیے ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا پانی نہیں تو زندگی نہیں، پانی انسان کو زندگی بخشتا ہے، پانی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، زندگی کے بعد سب سے بڑی نعمت ہمارا ملک پاکستان ہے، انسانی زندگی پانی کے بغیر کچھ نہیں۔

 چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تعریف ہے، اس سرزمین پر زندگی سے بڑا کوئی تحفہ نہیں، پاکستان کو پانی کے ذخائر کی کمی کا سامنا ہے، دھرتی ماں کی خدمت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے ہم نے پانی کی قدر نہیں کی، بنیادی عشق کا تقاضا ہے قربانی، اسوقت پاکستان کو بہترین گورننس کی ضرورت ہے، زندگی کے ہر شعبے میں دیانتداری کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کوئٹہ میں پانی کی سطح اتنی نیچے جاچکی ہے کہ 5 سال بعد لوگوں کو زیر زمین پانی نہیں ملے گا، بلوچستان میں ڈیم خشک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کر چکے ہیں، دوسرے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کاافتتاح کرنے جا رہے ہیں، کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہ ہونے پر بھاشا، دیامر اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ کیا، ڈیمز کی تعمیر کے لیے 15سو ارب روپے درکار ہیں، پاکستان میں ڈیم بنانے کی تحریک زور پکڑ چکی ہے۔

ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ڈیم کی تعمیرمیں فنڈز کے لیے بچوں نے اپنے کھلونے فروخت کر دیئے، بچوں نے ڈیمز فنڈز میں 5، 5 روپے کے سکے دیئے، خواجہ سرا کمیونٹی نے 2 لاکھ روپے ڈیمز فنڈ میں دیئے، افسوس ہے جن لوگوں نے اس ملک سے اربوں لیے انہوں نے کچھ نہیں دیا۔ تقریب میں موجود افراد نے ڈیم فنڈ کیلئے کروڑوں روپے کے عطیات کا اعلان کیا۔

 

Advertisement