مہمند ڈیم کیلئے زمین کی خریداری جلد شروع کر دی جائے گی، چیئرمین واپڈا

Last Updated On 18 October,2018 06:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے زمین کی خریداری کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا، مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے زمین کی جلد خریداری اور متاثرین کی آباد کاری ترجیحی ٹاسک ہیں۔

 

ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے زیرِ صدارت ذیلی کمیٹیوں کا اجلاس میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ متاثرین کی آباد کاری کے ضمن میں ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ پراجیکٹ ایریا میں لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تعلیم، صحت اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے متعدد دیگر سکیموں کو بھی تمام فریقین کی مشاورت سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ دونوں کمیٹیاں اپنی ذمہ داریوں کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کی رپورٹ میں درج ٹائم لائن کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچائیں۔

ڈیمز عملدرآمد کمیٹی نے بتایا کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور ذیلی کمیٹی کے سربراہ نے اُنہیں اِس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین کی آباد کاری اور بقیہ زمین کی خریداری کے لئے اگلے دو روز میں جامع سفارشات پیش کی جائیں گی۔

مہمند ڈیم کے لئے زمین کی خریداری اور متاثرین کی آباد کاری کے لئے ذیلی کمیٹی کے اِجلاس میں ذیلی کمیٹی کے سربراہ اور خیبر پختونخوا کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے زمین کی خریداری کا عمل ہدف کے مطابق مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
 

Advertisement