ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

Last Updated On 24 November,2018 05:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ داتا کی نگری لاہور میں سرد موسم نے رنگ جمانا شروع کر دیا جبکہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی خنکی اور دھوپ نے موسم دلکش بنا رکھا ہے۔

سرد موسم نے اپنا رنگ جمانا شروع کر دیا، داتا کی نگری شہر لاہور میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

ادھر بالائی علاقوں میں پڑی برف ملحقہ علاقوں میں اپنا رنگ دکھا رہی ہے، ٹھنڈی ہواؤں کے سبب جڑواں شہروں میں سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

شہر اقتدار اسلام آباد میں چمکیلی دھوپ اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم دلکش بنا رکھا ہے، ہر منظر اجلا اجلا ہے۔

راولپنڈی میں بھی موسم کی خنکی سردی کی شدت کا پتہ دے رہی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔