لاہور: (دنیا نیوز) راولپنڈی، گوجرانوالہ میں بھی تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہوگی:محکمہ موسمیات
گلگت، مانسہرہ، ناران ، کاغان،شانگلہ و دیگر علاقوں میں برفباری،سردی بڑھ گئی۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں اور راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری رہنے کا امکان ہے ۔ فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، پشاور ڈویژن میں بھی بارش ہوگی ۔ لواری ٹاپ میں 8انچ برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ سرد ترین مقام کالام کادرجہ حرارت منفی1ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے درجہ حرارت منفی ڈگری تک گر گیاہے ،استور،سکردو،اور چلاس کے گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہواہے ،راما،میں 4 انچ دیوسائی میں دوفٹ تک برف پڑ چکی ہے ، مانسہرہ،شانگلہ،ناران ، کاغان و دیگر علاقوں میں برف باری سے راستے بند ہوگئے جبکہ کئی علاقوں میں تیز بارشوں سے ندی نالے بھپر گئے ہیں۔