لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہے، پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی منسوخ ہوگئی جبکہ خیبر اور جعفر میل کے روٹ تبدیل کر دیئے گئے۔
راستوں کی بندش کے باعث ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں سے آنے جانے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار، مسافروں کو بروقت منزل پر پہنچانے کے لئے عوامی ایکسپریس، خیبر اور جعفر میل کے روٹ تبدیل کئے گئے۔ پشاور سے کراچی جانے والی خوشحال ایکسپریس کی روانگی میں تاخیر ہے تاہم اپنے مقررہ روٹ پر جائے گی۔
کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس سبی سے روانہ ہوگی، متبادل ٹرین لیٹ آنے کے باعث روانگی میں تاخیر ہوئی۔ ریلوے حکام کے مطابق لاہور جانے والی کوئٹہ ایکسپریس مقررہ وقت پر روانہ ہوئی۔ کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس تاخیر سے روانہ ہوگی جبکہ راولپنڈی سے براستہ فیصل آباد کراچی جانیوالی پاکستان ایکسپریس کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کراچی ایکسپریس 8 گھنٹے تاخیر سے لاہور روانہ ہوئی، ریلوے حکام کے مطابق لاہور سے آنیوالی عوامی ایکسپریس 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ فیصل آباد سے قراقرم اورنائٹ کوچ کی روانگی بھی متاثر رہی، اکبر بگٹی ایکسپریس اور کراچی سے لاہور آنیوالی ٹرینوں کو بھی فیصل آباد میں روکا گیا۔