اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخواہ میں تعینات ایس پی پولیس طاہر خان اسلام آباد میں لاپتہ ہو گئے، ایس پی کے اہلخانہ نے اغواء کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان کا ایس پی طاہر داوڑ کے لاپتہ ہونے سے متعلق کہنا تھا کہ طاہر خان چھٹیوں پر تھے، ذاتی کام کے سلسلے میں اسلام آباد گئے، ایس پی طاہر کا موبائل فون بند ہے جس کے باعث رابطہ نہیں ہورہا۔ سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان کے مطابق ایس پی کی گمشدگی کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے،حقائق جاننے کے لئے اسلام پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشن امین بخاری نے کہا ہے کہ ایس پی طاہر خان تھانہ رمنا کے علاقے سے لاپتہ ہوئے، ایس پی طاہر کی تلاش کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہیں کہا جاسکتا کہ انہیں اغواء کیا گیا ہے یا کوئی حادثہ ہوا، طاہر خان گھر سے پیدل نکلے، اب ان کا موبائل بھی بند ہے، وفاقی پولیس نے کے پی پولیس کو واقعہ سے آگاہ کر دیا، ایس پی طاہر خان پشاور رورل زون میں تعینات ہیں۔