کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی سے دھابیجی ٹرین سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔
کراچی کینٹ سٹیشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی والوں کے لیے بہترین ٹرین سروس چلا رہے ہیں، دھابیجی ٹرین سروس کا کرایہ کم سے کم 25 روپے ہو گا اور زیادہ سے زیادہ 70 روپے مقرر کیا گیا ہے، دھابیجی مسافر ٹرین دن میں دو وقت چلائی جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ حیدر آباد سے کراچی تک 3 ٹرینیں بھی چلائیں گے، وزیراعظم کراچی شٹل سروس کا خود افتتاح کریں گے، ریلوے بہتر ہونے سے معیشت بھی بہتر ہو گی۔
اس موقع پر تقریب میں شریک صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے دھابیجی ٹرین سروس کے افتتاح پر وزیر ریلوے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ بڑا مسئلہ ہے، پاکستان کے علاوہ پوری دنیا میں ریلوے نے ترقی کی، صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے کا نظام جلد بہتر ہو جائے گا۔