اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کل شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے۔ ان کا وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ ہو گا۔ وزیراعظم سے مقامی جرگے کے اراکین کے علاوہ سماجی و سیاسی رہنما بھی ملاقات کریں گے اور عمران خان علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے دورہ شمالی وزیرستان کے دوران 2 یونیورسٹیوں، سپورٹس کمپلیکس، اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے بھاری پیکیج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ مقامی جرگہ اراکین وزیراعظم سے ملاقت کر کے درپیش مسائل اور افغانستان سے ہونے والی دراندازی سمیت آبادی کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے سمیت سکیورٹی خدشات سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم شمالی وزیرستان میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیں گے۔ مقامی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہیں جن سے سابقہ فاٹا علاقوں کے خیبرپختونخوا میں شامل ہونے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہو گی۔