کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے چینی قونصلیٹ حملے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کے لیے پانچ پانچ لاکھ اور زخمی سیکورٹی گارڈ کے لیے تین لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے، شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا سے تعزیت اور سیکورٹی گارڈ کی جناح ہسپتال میں عیادت کی۔
وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی چینی قونصلیٹ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے گھر جاکر ورثا سے تعزیت کی اور جناح ہسپتال میں زیر علاج زخمی سیکورٹی گارڈ محمد جمن کی عیادت کی اور پھول پیش کیے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے پولیس اہلکاروں کے لیے پانچ پانچ لاکھ اور زخمی سیکورٹی گارڈ کے لیے تین لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے شہید ہونے والی پولیس اہلکاروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔ علی زیدی نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بچے بہت چھوٹے ہیں۔ سیکورٹی گارڈ محمد جمن قوم کا ہیرو ہے جس نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر گیٹ نہیں کھولا اور پوری دنیا میں پاکستانی قوم کی لاج رکھی۔