اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزارت قومی صحت نے جے یوآئی (ف) کے سینیٹر عطاالرحمان کی نجی ہسپتال میں کرائی گئی سرجری کا 8 لاکھ روپے کا بل ادا کرنے سے انکار کر دیا۔
سینیٹر عطا الرحمان نے دس ماہ قبل اسلام آباد کے نجی ہسپتال سے جسم کی فالتو چربی نکالنے کیلئے سرجری کر ائی، جس کیلئے 8 لاکھ روپے ادائیگی کی گئی، سینیٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹر عطاء الرحمان کو مذکورہ رقم سرکاری خزانہ سے واپس دینے کیلئے وزارت قومی صحت کو میڈیکل بل منظوری کیلئے بھجوایا۔
وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنر ل ڈاکٹر مہناج السراج کے میڈیکل بل پراعتراضات کو منظور کرتے ہوئے سینیٹر عطا الرحمان کو سرکاری خزانہ سے 8 لاکھ روپے ادا کرنے سے انکار کر دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مہناج السراج نے سینیٹر عطاالرحمان کے میڈیکل بل پر اعتراض لگایا ہے کہ مذکورہ علاج کاسمیٹک سرجری ہے یہ جان بچانے کے زمرے میں نہیں آتا جبکہ پمز ہسپتال میں مذکورہ سرجری کی سہولت دستیاب ہے اس لیے نجی ہسپتال سے سرجری کرانے کی ضرورت نہیں تھی۔