لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا نیوز کے پروگرام ” اختلافی نوٹ “ کی جانب سے حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر خصوصی سروے کروایا گیا ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 100 ماہرین سے رائے طلب کی گئی۔ کاروباری شخصیات، سینئر صحافی، سینئر سول و فوجی افسران، سول سوسائٹی اور سینئر وکلاء سمیت شخصیات اور عوام نے سروے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو عہدے کا حلف اٹھائے آج پورے 100 دن مکمل ہو گئے ہیں اور جلد ہی تحریک انصاف اپنے 100 روزہ پلان سے متعلق حاصل ہونے والے اہداف کے حوالے سے عوام کو آگاہ بھی کرے گی ۔
اختلافی نوٹ کی جانب سے کروائے جانے والے پول میں چار مختلف سوالا ت کیے گئے جن میں سب سے پہلا سوا ل یہ تھا کہ ” آپ تحریک انصاف کی حکومت کو 1 سے 10 کے سکیل پر کیسے دیکھتے ہیں؟
اس سوال کے جواب میں 26 فیصد ماہرین نے انہیں 1-3 کے سکیل پر رکھتے ہوئے غیر تسلی بخش قرار دیا جبکہ 58 فیصد نے تحریک انصاف کی حکومت کو 4-6 کا سکیل دیتے ہوئے محض تسلی بخش کی رائے کا اظہار کیا۔ 13 فیصد ماہرین نے تحریک انصاف کی حکومت کو بہتر سمجھتے ہوئے سکیل پر 7-8 نمبر دیئے جبکہ صرف 3 فیصد ماہرین نے تحریک انصاف کی حکومت کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں 9-10 کے سکیل پر دیکھتے ہیں۔
دوسرا سوال : کیا یہ حکومت پچھلی حکومت سے بہتر کارکردگی دکھا سکے گی؟
اس سوال پر 60 فیصد ماہرین نے تحریک انصاف کے حق میں رائے دیتے ہوئے ’ہاں ‘ کہا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے اکثریت میں لوگ امید رکھتے ہیں۔ 39 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ حکومت سے اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے گی جبکہ ایک فیصد نے اس سوال کا جواب دینے سے ہی گریز کیا۔
تیسرا سوال : اس حکومت کے اہم ترین چینلجز کیا ہیں؟
اس سوال پر جواب دیتے ہوئے 55 فیصد عوام نے حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج معیشت کو قرار دیا جس کو سنبھالا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیاء کے دورے کیے اور وہ کافی حد تک امداد کے مشن میں کامیاب بھی ہوئے۔
اس سوال کے جواب پر 20 فیصد عوام نے گورننس کو عمران خان کی حکومت کا سب سے بڑا چینلج قرار دیا جبکہ 14 فیصد کا ماننا ہے کہ یہ چیلنج احتساب ہے، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے عہدہ سنبھالتے ہی احتساب کا نعرہ لگایا جبکہ وہ اس سے قبل بھی اپنی تقاریر میں بلاتفریق احتساب کرنے اور لوٹا ہوا پیسہ واپس ملک میں لانے کا اعلان کر تے رہے ہیں۔
11 فیصد افراد نے انتہائی حیران کن جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیلئے سب سے بڑا چیلنج ان کی جانب سے کیے جانے والے سیاسی وعدے ہیں۔
سوال نمبر چار : کیا یہ حکومت اپنی 5 سالہ مدت مکمل کر سکے گی؟
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے بارے میں کئی قسم کی افواہیں گردش کر رہی ہیں تاہم اس سروے میں ماہرین کی رائے سے یہ ثابت ہوتاہے کہ اس بات کی امید روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی کیونکہ اس حوالے سے 61 فیصد افراد نے ’ہاں‘ میں جواب دیا جبکہ 29 فیصد کو ایسا نہیں لگتا اور 10 فیصد ماہرین نے اس پر خاموشی اختیار کرنے پر اکتفا کیا۔