نوازشریف کا نیب سےعلیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کا مطالبہ

Last Updated On 28 November,2018 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب سے وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کا مطالبہ کر دیا. انھوں‌نے سوال اٹھایا کہ علیمہ خان کے پاس دبئی میں اربوں روپے کی جائیداد کہاں سےآئی, ان کا تو کوئی ذریعہ آمدن بھی نہیں، علیمہ خان نے جائیداد چھپانے پر جرمانہ ادا کیا، یہ این آر او نہیں.

 

نوازشریف کا کہنا ہے کہ قوم جاننا چاہتی ہےعلیمہ خان کی جائیداد کے پیچھے کون ہے، علیمہ خان کے پاس دبئی میں اربوں روپے کی جائیداد کہاں سے آئی، ان کی جائیداد کا منی ٹریل کیا ہے۔ علیمہ خان کے پاس تو کوئی ذرائع آمدن بھی نہیں۔ سابق وزیراعظم نے ننیب سےعلیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کا مطالبہ کر دیا۔ نوازشریف نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کی بہن نے جائیداد چھپانے پر جرمانہ ادا کیا، یہ این آر او نہیں۔

قبل ازیں نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کیلئے احتساب عدالت پہنچے تو مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ احاطہ عدالت میں وکلاء سے مشاورت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اتفاق فاؤنڈری 50 کی دہائی میں زرعی آلات بنا رہی تھی اور 60 کی دہائی میں آلات برآمد کرتی تھی۔ ان سب باتوں کے کئی گواہ بھی موجود ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انھوں نے والد کے کہنے پر 1967 میں عراق، ایران اور سعودی عرب کا دورہ کیا۔ 1962 میں لاہور کی پہلی امریکن شیورلے گاڑی ان کے والد نے خریدی تھی جبکہ لاہور کی پہلی اسپورٹس کنورٹ ایبل مرسڈیز کار ان کے لیے منگوائی گئی تھی۔

نواز شریف نے اپنے اسٹاف کو اتفاق فاؤنڈری کی تفصیلات تیار کرنے کی ہدایت کی تو پرویزرشید نے رائے دی کہ عدالت میں ہمارا مقدمہ یہ نہیں۔ اتفاق فانڈری کے قیام اور برآمدات کی باتیں گپ شپ کی حد تک کے لیے ٹھیک ہیں۔

نواز شریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث سے اتفاق فاؤنڈری کے ملازمین کو بطور گواہ پیش کرنے سے متعلق مشاورت کی تو خواجہ حارث نے بعد میں مشاورت سے فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔