ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان کو سیکولر بنانے سے متعلق بھارتی آرمی چیف کا بے معنی بیان مسترد کرتے ہیں، نظریہ تبدیل نہیں ہوسکتا، کرتار پور راہداری سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب صوبہ منشور میں شامل ہے، دیگر جماعتوں کا تعاون حاصل کرینگے، کچھ رکاوٹیں اور آئینی ترامیم ہے، آئینی ترمیم کیلئے تحریک انصاف کے پاس اکثریت نہیں، اگلے سال سے جنوبی پنجاب کیلئے سالانا فنڈ بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ڈالر کی قدر کو پہلے مصنوعی طریقے سے روکا گیا، برآمدات بڑھنے سے فارن ریزیو میں اضافہ ہوگا، مشکلات ہے، ہم مقابلہ کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کوشش ہوگی کمزور طبقے پر بوجھ نہ ڈالا جائے، عدلیہ آزاد ہے اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، وزیراعظم نے اپنی تقریر میں بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق کچھ انکشافات کیے، کرپشن میں کمی جائے گی اور لوٹا ہوا مال واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا حکومت پہلے روز سے کفایت شعاری پر عمل پیرا ہے، بیرون ملک ملک سے رقوم واپسی کیلئے یونٹ تشکیل دیا گیا ہے، تحریک انصاف نے بلا تفریق احتساب کی بات کی ہے۔