اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ای سی او ایسا بلاک ہے جو مغرب اور جنوبی ایشیا کو یکجا کرتا ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں کیلئے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے، معاشی سرگرمیوں سے متعلق اقدامات خطے کیلئے اہم ہیں جس کیلئے رکن ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیرخارجہ اقتصادی تعاون تنظیم سے متعلق تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی دارالحکومت میں اقتصادی تعاون تنظیم سے متعلق تقریب منعقد ہوئی جس میں رکن ممالک کےسفیروں اورمندوبین نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) رکن ریاستوں کے درمیان باہمی روابط کا اہم ذریعہ ہے، ای سی او علاقائی امن اور ترقی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے، ممبر ریاستوں نے مل کر عالمی مسائل کا سدباب کرنا ہے، تنظیم کے بنیادی مقاصد کا حصول مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے باہمی روابط بڑھائےجا سکتے ہیں، معاشی سرگرمیوں سےمتعلق اقدامات خطے کیلئے اہم ہیں جس کیلئے مل جل کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، معاشی تعاون کے فروغ سے اختلافات مٹانے میں مدد ملے گی، خطے کے ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔