اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان مفاہمتی عمل کی کوششوں کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کی قیادت میں 4 رکنی امریکی وفد آج صبح اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا۔ ذرائع کے مطابق پاک امریکا مذاکرات آج شام دفتر خارجہ ہوں گے۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ جبکہ امریکی وفد کی سربراہی زلمے خلیل زاد کریں گے۔
پاکستان میں قیام کے دوران زلمے خلیل زاد عسکری و سیاسی حکام کے ساتھ مزاکرات کریں گے اور طالبان سے ہونے والے امریکی مذاکرات پر اعتماد میں لیں گے۔
زلمے خلیل زاد 2 سے 20 دسمبر تک خطے کا دورہ کریں گے اور اس دوران پاکستان، افغانستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیئم، متحدہ عرب امارات اور قطر جائیں گے۔ زلمے خلیل زاد افغان حکام اور افغان امن عمل میں دلچسپی رکھنے والی جماعتوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ زلمے خلیل زاد کا دورہ گزشتہ ماہ طے تھا جو نا گزیر وجوہات پر ملتوی کیا گیا تھا۔