اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کرشنگ سیزن جلد شروع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرشنگ شروع کرانے کیلئے صوبائی حکومتوں سے مدد لی جائے گی۔ ای سی سی نے پہلے 10 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں برآمدات بڑھانے کیلئے ری فنڈز کی بروقت اور براہ راست ادائیگی کا معاملہ موخر کر دیا گیا جبکہ برآمد کنندگان کو ری فنڈ کی ادائیگی کے معاملے پر طریقہ کار وضع کرنیکی ہدایت کی گئی۔ ای سی سی نے کہا ایف بی آر، تجارت، اسٹیٹ بینک خزانہ کے حکام مل کر طریقہ کار بنائیں۔