اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے بنی گالا تجاوزات کیس میں حکم دیا ہے وزیر اعظم ریگولرائزیشن کیلئے جو بھی پالیسی بنائیں اسے ماسٹر پلان سے مشروط کریں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ریگولرائزیشن اس لئے تاخیر کا شکار ہے کہ اس سے وزیراعظم کا تعلق بھی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا بنی گالا غیر قانونی تعمیرات کی ریگولرائزیشن کیلئے 100 سے زیادہ درخواستیں آ چکی ہیں، اس حوالے سے سفارشات پر مبنی سپلیمنٹری رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ریگولرائزیشن اس لئے تاخیر کا شکار ہے کہ اس میں وزیراعظم کا معاملہ بھی ہے، ریگولرائزیشن کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹی کی اجازت نہیں دیں گے، اراضی مالکان کو ماحولیات اور دیگر اداروں سے اجازت لینا ہوگی۔
ڈی جی ماحولیات نے بتایا زمین، سات میں سے دو افراد سے واگزار کرا لی ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی پولیس کو ساتھ لے جائیں اور زمین ایک ہفتے میں واگزار کروائیں، اتنی زیادہ زمینوں پر قبضہ مافیا بدمعاشی سے بیٹھا ہے، ریگولرائزیشن سی ڈی اے کا کام ہے وہی کرے۔ ایک نجی زمین مالک کے وکیل نے کہا وزیراعظم نے ریگولرائزیشن کیلئے کمیشن بنانے کی تجویز دی ہے۔ چیف جسٹس نےحکم دیا وزیراعظم جو پالیسی بنائیں اسے ماسٹر پلان سے مشروط کریں۔