عثمان ڈار معاون خصوصی برائے امور نوجوانان مقرر

Last Updated On 04 December,2018 05:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو معاون خصوصی برائے امور نوجوانان مقرر کر دیا ہے، آئندہ چند روز میں نوجوانوں کیلئے نیا پاکستان یوتھ پروگرام کا آغاز ہو گا۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عثمان ڈار کے بطور معاون خصوصی تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے عثمان نے ڈار نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے عثمان ڈار کو نوجوانوں کے لئے قومی پالیسی لانے کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں سے متعلق پالیسی کے لئے بہترین انتخاب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا حکومت سازی میں کردار نہیں بھول سکتے، نوجوان تحریک انصاف کا ساتھ نہ دیتے تو حکومت میں نہ ہوتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ایسی سہولیات دیں گے جو آج سے پہلے نہیں ملیں۔

عثمان ڈار نے معاون خصوصی برائے نوجوانان کے عہدے کی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی خزانے پر بوجھ نہیں بنیں گے، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنائیں گے، لیپ ٹاپ پر نہیں بلکہ نوجوانوں پر پیسہ خرچ کیا جائے گا۔