اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے نیب قانون غلط ہے مگر اسے برقرار رہنا چاہیئے، ہم تو بھگت چکے اب دوسرے بھی بھگتیں۔ انھوں نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور معیشت بہتر بنانے کا نسخہ بھی بتا دیا۔
نوازشریف نے نیب قوانین برقرار رہنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ موجودہ حکومت ملکی معیشت کیلئے زہرقاتل قرار دیدی۔ ڈالر اور اشیا کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا اپنے دور سےموازنہ بھی کر دیا۔
احتساب عدالت میں سماعت کے وقفے کے دوران صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں نوازشریف نے کہا نیب میں نے نہیں پرویز مشرف نے بنایا، قانون غلط ہے مگر نیب کو اسی طرح رہنا چاہیئے، ہم تو بھگت چکے، باقی بھی بھگتیں۔ روپے کی بےقدری پر ان کا کہنا تھا ہمارے دور میں ڈالر پوچھے بغیر10 پیسے بھی اوپر نہیں جاتا تھا، وزیراعظم کی منظوری کے بغیر ایسا ہونا بھی نہیں چاہئے، ملکی معیشت ہرچیز کی متحمل ہو سکتی ہے ماسوائے موجودہ حکومت کے۔
نوازشریف کا مزید کہنا تھا ہمارےدور میں دنیا معیشت کو مضبوط اور متوازن کہتی تھی، ہم سٹاک ایکسچینج کو 19 ہزار سےبڑھا کر 53 ہزارپر لے گئے، ہمارے دور میں ٹماٹر 20 روپے کلو تھا اب 200 سے زیادہ ہے، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا، معیشت یوٹرن سے نہیں سچ بولنے اور کام کرنے سےمستحکم ہوتی ہے۔