اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدہ طے، پاکستان کے حج کوٹہ میں پانچ ہزار افراد کا اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کہتے ہیں کہ پاکستان کی تجاویز ماننے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2019ء معاہدے پر وفاقی وزیر نور الحق قادری اور ان کے سعودی ہم منصب نے دستخط کئے، معاہدے کی رو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے ابتدائی طور پر سندھ کے 35 ہزار حجاج مستفید ہوں گے، عازمین حج کی تصدیق اور امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہوگا۔
سعودی حکام کے مطابق 2 ہزار ریال فیس کے خاتمے کا فیصلہ خادم حرمین شریفین سے مشاورت کے بعد ہوگا، نئی مردم شماری کے مطابق حج کوٹہ میں اضافے پر بھی غور کیا جائے گا، زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے گی۔