اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) نیب نے مالم جبہ اراضی کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو 14 دسمبر کو طلب کر لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ محمود خان مالم جبہ کی اراضی لیز پر دینے کے وقت صوبائی وزیر سیاحت تھے۔ نیب نے مالم جبہ اراضی کیس میں صوبائی وزیر عاطف خان اور محسن عزیز کو بھی 14 دسمبر کو طلب کیا۔
ادھر نیب نے پاکستان سٹیل ملز کو قدرتی گیس کی فراہمی بند کرنے سے متعلق کی جانے والی تحقیقات بند کر دیں۔ جون 2015 میں ملک کا سب سے بڑا صنعتی یونٹ گیس منقطع ہونے کے باعث بند ہوگیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں ایک ریفرنس پر تحقیقات کا حکم اس وقت کے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین اسد عمر نے دیا تھا۔
اس معاملے پر نیب کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کو لکھے گئے حالیہ خط میں کہا گیا کہ ‘کوئی معتبر ثبوت مزید تحقیقات کی ضرورت کے لیے دستیاب نہیں، جس کے باعث معاملہ بند ہوجاتا ہے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے تمام الزامات کی جانچ پڑتال کی، تاہم کوئی مجرمانہ پہلو نہیں ملا، لہٰذا ایگزیکٹو بورڈ کی سفارشات پر چیئرمین نیب نے اس تحقیقات کو بند کرنے کی منظوری دی۔