اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا جس میں 6 وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوگا۔ وزیراعظم کو باقی رہ جانے والی 6 وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔ ان 6 وزارتوں میں ایم کیو ایم کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جی ڈی اے کی بین الصوبائی رابطہ شامل ہیں۔
وزیراعظم خالد مقبول صدیقی کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اورفہمیدہ مرزا کی وزارت بین الصوبائی رابطہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ وزیرمملکت مراد سعید اپنی دوسری وزارت پوسٹل سروسز کی کارکردگی بیان کریں گے۔ اجلاس میں وزارت صنعت و تجارت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی پر بھی سوال و جواب کا سلسلہ ہو گا۔
مشیر برائے اسسٹیبلشمنٹ ڈویژن شہزاد ارباب بھی کارکردگی بیان کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے 10دسمبر کو کابینہ کے 9 گھنٹے طویل اجلاس میں 26 وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔