اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیصل رضا عابدی پر انسداد دہشتگردی عدالت میں اشتعال انگیز انٹرویو پر فرد جرم عائد کر دی گئی، سابق سینیٹر کے وکیل نے سپریم کورٹ میں معافی نامہ جمع کرا دیا، مستقبل میں احتیاط کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں فیصل رضا عابدی کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔ اس کے بعد فیصل رضا عابدی کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے، اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل کیا جائے۔ عدالت نے ملزم کا دوبارہ طبی معائنہ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا اگر اس کے بعد ضروری ہوا تو ہسپتال منتقلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فیصل رضا عابدی نے سپریم کورٹ میں جمع معافی نامہ میں کہا ہے کہ میں خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں، آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت اداروں کے ساتھ وفاداری اور ان کی عزت کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، میرے معافی نامے کو عدالت قبول کرے، مستقبل میں احتیاط کروں گا۔