اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلیک شپ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے دلائل جاری ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا جافزا دستاویز قانونِ شہادت کے مطابق تصدیق شدہ نہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل میں کہا استغاثہ کہتی ہے نواز شریف کا تنخواہ لینا بہت بڑا مسئلہ ہے، اتنا بڑا مسئلہ تھا تو یہ کیوں نہیں پتہ کیا کہ کمپنی نے ملازمین کو تنخواہ کس طرح دی، تنخواہ سے متعلق کسی بینک کی دستاویزات پیش نہیں کی گئیں۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا جے آئی ٹی نے جس دستاویز پر انحصار کیا اس پر نواز شریف کا نام ہی نہیں۔ جج نے استفسار کیا کیا سپریم کورٹ فیصلے کے بعد تنخواہ والے معاملے کی اب بھی کوئی اہمیت ہے ؟ خواجہ حارث نے کہا تنخواہ لینے والے معاملے کی اس کیس کی حد تک اہمیت ہے، بھٹو صاحب کو پھانسی ہوئی تو لوگوں نے انہیں شہید کہنا شروع کر دیا، ایسے لوگوں پر لاہور میں توہین عدالت کا مقدمہ بھی کیا گیا تھا۔