اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے، آصف زرداری اور نواز شریف اپنا آخری الیکشن لڑ رہے ہیں، ملک میں سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت سنبھالی تو خسارے کا سامنا تھا، سعودی عرب، چین اور یو اے ای کے پاس گئے، اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کا سفر شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا آصف زرداری اور نواز شریف اپنا آخری الیکشن لڑ چکے، 1985 والی سیاست اب ختم ہوگئی، طویل عرصے بعد دگنی تعداد میں ٹیکس وصولی ہوئی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا خسارے سے بچنے کا حل ٹیکس نیٹ بڑھانے میں ہے، ہم ہر سال 2 ارب ڈالر کے موبائل فون درآمد کرتے ہیں، اس بار ریکارڈ ٹیکس ریٹرنز جمع ہوئے جو مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ حکومت میں کرپشن، منی لانڈرنگ بڑا مسئلہ تھا، ایکسپورٹ انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، برٹش ایئر ویز نے پرواز شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔