علاقائی استحکام کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے، وزیر خارجہ

Last Updated On 18 December,2018 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے ملک کو دہشت گردی سے نجات حاصل ہوئی، علاقائی استحکام کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے سب زیادہ متاثر ہوا، سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کے باعث ملک کو دہشت گردی سے نجات ملی، اب ہماری منزل معاشی خوشحالی ہے۔ جارحیت سے نمٹنےکے لیے قابلِ بھروسہ نیشنل سیکیورٹی صلاحیت برقراررکھیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی کے سٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں ہے، ہمسایہ ممالک اور عالمی طاقتوں کیساتھ باہمی تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ علاقائی استحکام کے لیے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔