ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر خیر سگالی کا پیغام دیا جس سے کشیدگی کم ہو گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت رکھنا افسوس کی بات ہے، سدھو نے دیرینہ مسئلہ حل کرنے کو کوشش کی، ہم نے خیر سگالی کا پیغام دیا جس سے کشیدگی کم ہو گی، اس اقدام کو ہر سطح پر سراہا گیا اور مثبت قدم قرار دیا گیا، پاکستان اسی طرح مثبت سوچ سے آگے بڑھے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزرا کی تبدیلی صرف باتیں حقیقت نہیں ہیں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو خزانہ خالی تھا اور خسارہ تاریخی حدوں کو چھو رہا تھا، معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے روپے کی قدر میں کمی کی، مارکیٹ میں ٹھہراؤ کے بعد ڈالر مستحکم ہو جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بگاڑ 3 مہینے میں پیدا نہیں ہوا، یہ کئی دہائیوں سے چلا آ رہا ہے ہم بہتری کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری سعودی عرب، یو اے ای، چین اور ملائیشیا میں اچھی نششستیں ہوئی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب امریکہ بھی افغانستان کے مسئلے پر مذاکرات کی بات کرتا ہے، جب عمران خان یہ کہتے تھے تو انہیں طالبان خان کہا جاتا تھا، افغانستان میں مذاکرات سے ہی مسئلے حل کرنا ہوں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بہتری ہو گی۔