مری: (دنیا نیوز) مری میں سیاح خاتون سے بدتمیزی کرنے والا مرکزی ملزم قانون کے شکنجے میں آ گیا، ملزم کے 6 ساتھیوں کو بھی دھر لیا گیا۔ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مری میں سپیشل ٹورسٹ پروٹیکشن فورس تعینات کی جائے گی، رش والے مقامات پر کیمروں سے نظر رکھی جائے گی، سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے۔
مری میں سیر کے لیے آنے والوں کو آئندہ ایسے واقعات سے محفوظ رکھنے کے لئے راولپنڈی کی انتظامیہ نے سر جوڑ لیے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مری میں سپیشل ٹورسٹ پروٹیکشن فورس تعینات کی جائے گی، مری کے تمام ہجوم والے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔
31 دسمبر تک تمام ہوٹل گائیڈ اپنی رجسٹریشن کروائیں گے، ہوٹل گائیڈ خاص یونیفارم، نیم بیج اور کارڈ کے بغیر کام نہیں کر سکیں گے۔ ہوٹل ایجنٹس مال روڈ، جی پی او چوک اور دیگر راستوں پر کسی گاڑی کو روکنے کے مجاز نہیں ہو ں گے، مری میں ہوٹل گائیڈ کے خلاف دفعہ 144 بدستور نافذ رہے گی۔
سیاحوں کی سہولت کے لئے مال روڈ پر ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے، مری میں ڈولفن فورس بھی بدستور تعینات رہے گی۔