کراچی: (دنیا نیوز) فاروق ستار نے میئر کراچی کو شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا وسیم اختر نے جو توڑ پھوڑ کی، ملبہ وہی کا وہی پڑا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک میں بے یقینی کی صورتحال ہے، سرمایہ کاری کا عمل رکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا بے روزگاری میں اضافہ، مہنگائی ہو رہی ہے، حکومت سرمایہ کاری بڑھائے، سرمایہ کاروں کو ڈرایا، دھمکایا نہ جائے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا قبضہ مافیا اور سرکاری افسران کیخلاف ایکشن ہونا چاہیئے، کلفٹن میں بڑے بڑے گدھوں کا قبضہ ہے جس کو ختم کرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، کراچی کیلئے خصوصاً کوئی منصوبہ نہیں ہے، کراچی کب تک ملکی معیشت کا بوجھ اٹھائے گا ؟ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، کے ایم سی ہوش کے ناخن لے۔