حکومت اور اپوزیشن میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے فارمولے پر اتفاق

Last Updated On 20 December,2018 02:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور اپوزیشن میں قائمہ کمیٹیوں کے فارمولے پر اتفاق ہو گیا جس کے تحت حکومت اوراتحادیوں کو 20 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ملے گی، اپوزیشن کو 18 کمیٹیوں کی نمائندگی دی جائے گی۔

حکومت اور اپوزیشن کے مابین قومی اسمبلی کی کمیٹیوں کے حوالے سے پایا جانے والا تنازع بالآخر حل ہو گیا، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے فریقین کا قائمہ کمیٹیوں کے فارمولے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی حکومت کے حصے میں آئی ہے جس کے چیئرمین ریاض فتیانہ ہوں گے۔

مجموعی طور پر حکومت اور اتحادیوں کو 20 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ملے گی جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو 18 کمیٹیوں کی نمائندگی دی جائے گی۔ واضح  رہے کہ حکومت اور اپوزیشن اراکین میں اسمبلی اجلاس کے دوران کمیٹیوں کے معاملات پر شدید گرما گرمی ہوتی رہی تاہم حکومت نے  گھٹنے ٹیکتے ہوئے اپوزیشن سے مذاکرات کی راہ اختیار کی۔