لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کا ضمنی ریفرنس دائر کردیا گیا، ریفرنس میں شہبازشریف سمیت 13 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، اپوزیشن لیڈر طبی معائنے تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔
ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب سمیت 13مزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان میں احد چیمہ، بلال قدوائی، شاہد شفیق، منیر ضیا، کامران کیانی شامل ہیں۔ چوہدری محمد صادق، چوہدری شاہد محمود کو بھی ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے، ریفرنس300 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔
ریفرنس کے مطابق آشیانہ اقبال کی انکوائری 10 جنوری کو شروع کی گئی،4 مئی کو کیس میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا، شہباز شریف نے افسران سے ملکر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت خزانے کو نقصان پہنچایا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اسلام آباد میں ہیں، ان کی لاہور روانگی منسوخ کر دی گئی، طبی معائنے تک انہیں اسلام آباد میں ہی رکھا جائے گا۔ وزرا کالونی میں شہباز شریف کی رہائش کو سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے۔