اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا ایم آر آئی ٹیسٹ آج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہباز شریف نے میڈیکل بورڈ سے کمر میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد ایم آر آئی ٹیسٹ تجویز کیا گیا جو آج مقامی نجی لیب سے کروایا جائے گا۔
صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی کمر میں درد کی شکایت کے باعث نیب نے ان کا میڈیکل چیک اپ کروانے کا فیصلہ کیا۔ شہباز شریف کو میڈیکل بورڈ نے ایم آر آئی ٹیسٹ تجویز کیا ہے، متعلقہ حکام نے مذکورہ ٹیسٹ کیلئے اپوائنمنٹ لے لی جس کے بعد شہباز شریف کو سخت سکیورٹی میں آج نجی میڈیکل لیب منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں زیر تفتیش ہیں اور ان کو اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں نیب نے حراست میں لے رکھا ہے تاہم یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لیگی رہنما قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چئیرمین بھی منتخب ہو چکے ہیںَ