لاہور: (دنیا نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز نے یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کیمپس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں جاوید احمد کی ہتھکڑیوں میں موت کے معاملے پر 3 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
میاں جاوید احمد کی ہتھکڑیوں میں موت کا معاملے پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین نے انکوائری رپورٹ پیش کی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی پولیس گارڈز انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبد القیوم، ہیڈ کانسٹیبل محمد اعظم اور کانسٹیبل عمران نے فرائض سے غفلت برتی۔
رپورٹ کی روشنی میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر نے تینوں اہلکاروں کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق مرحوم میاں جاوید احمد کی ہتھکڑیاں نہ کھولنے میں ایمرجنسی پولیس گارڈز کے مذکورہ اہلکاروں کی بدنیتی شامل نہیں تھی، تاہم ایمرجنسی پولیس گارڈز کے اہلکاروں نے قانون پر عمل پیرا ہونے کیلئے حد سے زیادہ محتاط ہونے کی کوشش کی۔