لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے ملازم بچیوں پر تشدد کے معاملے پر سابق وفاقی وزیر صدیق کانجو کے بیٹے امین کانجو کو کمرہ عدالت سے گرفتار کروا دیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے دو رکنی بنچ کے ہمراہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں از خود نوٹسزکی سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر صدیق کانجو کے بیٹے امین کانجو کی جانب سے بچیوں پر تشدد کے کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے امین کانجو کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے امین کانجو کو کمرہ عدالت سے گرفتار کروا دیا۔
پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریز کی تصدیق کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران وکیل سول ایوی ایشن نے بتایا کہ بہت سے پائلٹس اور کیبن کریو کی فراہم کردہ ڈگریز پڑھے جانے کے قابل نہیں ہیں، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے 28 دسمبر تک تمام افراد کی ڈگریز کی تصدیق کا حکم دے دیا۔