اسلام آباد: (دنیا نیوز) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے گزشتہ ادوار میں کمیٹی کی جانب سے نیب اور ایف آئی اے کو بھیجے گئے مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ چیئرمین پی اے سی شہباز شریف نے کہا کہ کسی ادارے پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، پی اے سی احتساب کا فورم ہے،عوامی شکایات بھی سنی جائیں گی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پہلا اجلاس، نیب اور ایف آئی اے کو بھیجے گئے مقدمات کی تفصیلات طلب، پی اے سی میں عوامی شکایات سننے کا بھی فیصلہ، شہباز شریف کے نیب اور ایف آئی اے پر تنقید کے نشتر
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف نے نیب حکام کو ہدایت کی کہ نیب کیسز کے حوالے سے منگل کو تفصیلی بریفنگ دیں۔ شیری رحمن نے کہا کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے مقدمات تاحال نیب کے پاس ہیں۔ شہباز شریف نے نیب حکام سے کہا کہ وہ اس کی وضاحت کریں۔ سردار نصراللہ دریشک نے کہا کہ پی اے سی ایسا تاثر نہ دے کہ کسی ادارے پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
کمیٹی رکن شیخ روحیل اصغر نے سوال کیا کہ کیا نیب اور ایف آئی اے پیر کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کریں گے؟ اس پر شہباز شریف نے کہا کہ آج کل نیب اور ایف آئی اے پھرتیاں دکھا رہے ہیں۔
نیب حکام نے کہا کہ ان کے پاس تمام ریکارڈ تیار ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فارمولے کے مطابق ہمارے دور حکومت کے آڈٹ اعتراضات کے دوران کمیٹی کی صدارت نہیں کروں گا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اگلا اجلاس پیر دوپہر ڈیڑھ بجے ہوگا۔