اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے کاشتکاروں کو ایک سال سے واجب الادا گنے کی رقم ادا کئے جانے کی تصدیق پر کیس نمٹا دیا۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پتوکی شوگر ملز کی جانب سے کاشتکاروں کو گنے کی رقم ادا نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پتوکی شوگر مل انتظامیہ نے متاثرہ کسان کو رقم کی ادائیگی کر دی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار بچی کہاں ہے جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار بچی کے والد عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔ عدالت نے پتوکی شوگر مل انتظامیہ کی جانب سے کسان کو ایک سال سے گنے کے واجبات کی ادائیگی کی بنا پر دائر درخواست نمٹا دی۔ پتوکی شوگر ملز کے مالک میاں محمد اسلم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ پتوکی شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے ایک سال سے گنے رقم ادا نہیں کی جا رہی۔ درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت پتوکی شوگر ملز انتظامیہ کو رقم ادا کرنے کا حکم دے۔