اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا ہے کہ میں کسی کا ترجمان نہیں لیکن ڈیسکون کو ٹھیکہ ملنا مفادات کا ٹکراؤ نہیں، واپڈا کے پاس کسی جوائنٹ وینچر کی بڈنگ روکنے کا اختیار نہیں ہے۔
مہمند ڈیم کا ٹھیکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی کمپنی کو دینے کے معاملے پر چیئرمین واپڈا نے وضاحت دیتے ہوئے اسے قانون کے مطابق قرار دیدیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ چالیس سال بعد ملک میں ڈیم بننے جا رہے ہیں۔ ڈیم کا ٹھیکہ انٹرنیشنل کنسلٹنٹ اور پیپرا رولز پر پورا اترنے والی کمپنی کو دیا گیا، واپڈا کے پاس کسی جوائنٹ وینچر کی بڈنگ روکنے کا اختیار نہیں ہے۔
چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کا کنٹریکٹ چائنہ اور پاکستان کی کمپنیوں کے جوائنٹ وینچر کو دیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں چینی کمپنی کا شئیر 70 فیصد اور ڈیسکون کا شئیر 30 فیصد ہے۔ جب یہ بڈنگ اوپن ہوئی تھی تب یہ حکومت اقتدار میں نہیں آئی تھی۔ میں کسی کا ترجمان نہیں لیکن ڈیسکون کو ٹھیکہ ملنا مفادات کا ٹکراو نہیں، معیار کے مطابق جے وی پارٹنر کے لیے 10 بلین درکار ہوتا ہے جس پر ڈیسکون پورا اترتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم میں 12 لاکھ ایکٹر پانی ذخیرہ ہو گا جبکہ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ پشاور کو پانی کی سپلائی مہمند ڈیم سے کی جائے گی۔