کراچی: (دنیا نیوز) نیب نے ملیر ندی اراضی کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کل طلب کر لیا، سابق وزیراعلی قائم علی شاہ کو بھی کراچی دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو نیب کراچی نے کل دوبارہ طلب کیا ہے، انھیں ملیر ندی اراضی سکینڈل میں بلایا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی وزیراعلی سندھ نیب میں پیشی بھگت چکے ہیں۔
نیب نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو بھی حاضر ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ نیب ملیر ندی اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کر رہا ہے، تاہم قائم علی شاہ نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی اپیل بھی کر رکھی ہے۔