انقرہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے وزیر زراعت نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں میں زرعی تعاون سمیت امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم کی آج ترکی کے صدر طیب اردوان سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔ وزیراعظم نے ترک تاجروں اور صنعتکاروں سے بھی خطاب کیا اور انھیں پاکستان میںسرمایہ کاری پر ضروری سہولتوں کی فراہمی کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے پاکستان ترکی بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی ہوئی، معاشی اہداف کی ناکامی کی بڑی وجہ بھی کرپشن ہے۔ 60 کی دہائی میں پاکستان ملائیشیا اور جنوبی کوریا کیلئے رول ماڈل تھا۔ سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل مشکلات ختم کر رہے ہیں۔
عمران خان نے ترک بزنس مین کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان میں آپ کو ایک مختلف حکومت ملے گی، سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی، برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، حکومت بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کوششیں کر رہی ہے، منافع کمانے سے لوگوں کوغربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے، جتنی دولت کمائی جائے گی اتنے ہی ٹیکسز زیادہ حاصل ہوں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم سے ترکی کے وزیر زراعت نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں میں زرعی تعاون، مشترکہ منصوبوں اور تحقیق سمیت امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے ترک وزیر زراعت کو پاکستان کی معیشیت میں زرعی شعبے کی اہمیت اور جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کی آج ترکی کے صدر طیب اردوان سے ملاقات بھی شیڈول ہے جس میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور معاشی تعاون پر بات چیت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی ملاقات میں شرکت کا امکان ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم نے جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ 20 ویں صدی کے عظیم لیڈر کے مزار پر حاضری انکے لئے اعزاز ہے ، کمال اتاترک نے مشکل وقت میں قوم کی قیادت کی۔