کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں سکول وین میں لگنے والی آگ نے 14 معصوم بچوں کو جلا ڈالا، پولیس نے سکول وین کو تحویل میں لے لیا جبکہ ایس او اورنگی ٹاون کو معطل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون قطر ہسپتال کے قریب سکول وین میں آگ بھڑک اٹھی، سکول جانے والے 14 بچے جھلس گئے، ڈرائیورمحفوظ رہا۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت طلبہ کو وین سے نکالا، معمولی زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 5 بچوں کو سول ہسپتال کے برنس وارڈ لایا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، تین کو فارغ بھی کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے ایس او اورنگی ٹاون کو معطل کر دیا۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے واقعے کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی۔ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔