لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے قیادت ہی کسی ملک کو اوپر لے کر جاتی ہے، سندھ کے سرکاری سکولوں پر وڈیروں کا قبضہ ہے، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑ اکام ہے، سوچتا رہتا ہوں کہ قومیں کیسے بنتی ہیں، کیسے ترقی یافتہ معاشرے بنتے ہیں، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا عالمی برادری میں با وقار قوم اور معاشرہ بننے کیلئے اخلاص کی ضرورت ہے، کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد تعلیم پر ہے، تعلیم کے سیکٹر کو پاکستان میں شدید نظرانداز کیے جانے پر مایوسی ہے، قیادت ہی کسی ملک کو اوپر لے کر جاتی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا سرکاری سکولوں پر وڈیروں کا قبضہ ہے، جانور باندھ رکھے ہیں، ہمارے ہاں ایسے سکول بھی ہیں جہاں اساتذہ اور پینے کا پانی نہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں تعلیم کا شعبہ سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی درسگاہیں سرے سے ہیں ہی نہیں۔ انہوں نے کہا مدینے کی ریاست میں بھی حضرت عمر کا دور بہترین نمونہ تھا۔